ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بی جے پی کا داخلی انتشار کانگریس کیلئے سودمند: دنیش گنڈو راؤ

بی جے پی کا داخلی انتشار کانگریس کیلئے سودمند: دنیش گنڈو راؤ

Sat, 06 May 2017 01:39:17    S.O. News Service

بنگلورو:5/مئی(ایس او  نیوز) پچھلی بی جے پی حکومت نے ریاست میں پانچ سال صرف ریسارٹوں کی سیاست میں صرف کردئے جس سے اکتاکر ریاستی عوام نے کانگریس کو اقتدار سونپا، پچھلے چار سال کے دوران کانگریس نے کبھی اپنے آپ کو اس طرح کی سیاست میں نہیں الجھایا اور ہمہ وقت وہ ریاست کی ترقی کیلئے کوشاں رہی، جس کی وجہ سے کانگریس کو یقین ہے کہ آنے والے انتخابات میں بھی ریاستی عوام کانگریس کو دوبارہ اقتدار پر لائیں گے۔ یہ بات آج کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر دنیش گنڈو راؤ نے کہی۔ شیموگہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی بی جے پی کا داخلی انتشار دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔اقتدار کیلئے یہ لوگ اگر ابھی سے لڑتے رہے تو آنے والے دنوں میں عوام کی خدمت کیا کریں گے اس کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے اس داخلی انتشار کے سبب کانگریس کو عوام سے اور قریب آنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا کی قیادت والی حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مختلف پروگرام نافذ کرنے میں لگی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے کانگریس پر عوام کا اعتماد اور مضبوط ہوپایا ہے۔ پچھلے انتخابات میں کانگریس نے عوام سے 170نکاتی منشور پر مشتمل وعدے کئے تھے، جن میں سے 150 وعدوں کو پورا کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ ریاست کو ترقی کی جانب گامزن کیا گیا ہے، انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے لوگوں کو ریاستی حکومت پر نکتہ چینی کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے، ہر بار یڈیورپا اور ان کے ہمنوا حکومت پر بغیر کسی دلیل کے الزامات تھوپتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح قومی سطح پر لوگوں کو جھوٹے وعدے کرکے بی جے پی نے ملک کے اقتدار پر قبضہ کیا ہے وہی جھوٹ کرناٹک میں دہرانے کی کوشش بسیار کی جارہی ہے، لیکن کرناٹک کے عوام ان کے جھانسوں میں آنے والے نہیں ہیں۔ سابق وزیر کمار بنگارپا کے کانگریس چھوڑ دینے کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے دنیش گنڈو راؤ نے کہاکہ کمار بنگارپا نے نجی وجوہات بتاکر کانگریس سے علیحدگی اختیار کی، کانگریس کی طرف سے ان کے ساتھ کبھی کوئی ناانصافی نہیں ہوئی ہے۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر سرینواس، پرسنا کمار، ریاستی حج کمیٹی ممبر سید وحید اور دیگر موجود تھے۔


Share: